لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی شرپسندی میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 70 زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی شرپسندی میں زخمی ہونے والے 5 پولیس اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے، بشریٰ بی بی سلطانہ ڈاکو کا کردار ادا کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو سیاست میں ویلکم کرتے ہیں، اب کھل کر کھیلنے کا مزہ آئے گا، ریاست اپنی رٹ قائم کرنے پر آئی تو پتا ہے پھر کیا ہوگا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج بشرٰ بی بی پتا نہیں کونسی شریعت لارہی ہیں ان کے بازو اور بال بھی نظر آرہے ہیں، وہ کہہ رہی ہیں ملک میں یہ ہورہا ہے باجی ملک میں وہ ہورہا ہے جو آپ آگ لگوا رہی ہیں اور پھر اس میں مذہب کا تڑکا لگوارہی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ لوگوں کو کہہ رہی ہیں میرے شوہر کی بات ہے آپ نے میرا ساتھ نہیں چھوڑنا کیوں آپ کے بیٹے کہاں ہیں، بانی پی ٹی آئی کے اپنے بیٹے کہاں ہیں بیٹوں کو اپنے باپ کی پرواہ نہیں اور آپ دوسروں کے بچے مروا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نو مئی پارٹ ٹو چاہتے ہیں جس کی تیاری کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو سکون نہیں آئے گا اور اس نے ملک کو چلنے دینا ہے۔