اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سیاحتی مقام مری کا دورہ کیا جہاں ان کا سامنا ایک پی ٹی آئی کارکن سے ہوا۔
عظمیٰ بخاری کے دورے کے دوران پی ٹی آئی کارکن نے اُس وقت نعرے بازی شروع کر دی جب وہ ساتھی ایم پی ایز اور فیملی کے ہمراہ شاپنگ کر رہی تھیں۔
پی ٹی آئی کارکن کے شور شرابے پر لیگی کارکنان نے گھڑی چور کے جوابی نعرے لگائے جبکہ مال روڈ پر شاپنگ کرنے والی دیگر فیملیز نے بھی (ن) لیگ کے حق میں نعرے بلند کیے۔
مقامی دکانداروں نے شور شرابہ کرنے والے نوجوان کو باہر نکال دیا جبکہ دکاندار اور سیر کیلیے آئی فیملیز (ن) لیگ اور عظمیٰ بخاری کے حق میں بولتے رہے۔
مال روڈ پر شاپنگ کے دوران فیملیز نے صوبائی وزیر اطلاعت کے ہمراہ سیلفیاں بھی لیں۔