لاہور : وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ نو مئی کے مجرموں کی رہائی خطرے کی گھنٹی ہے، بلوائیوں کو ریلیف ملا تو نو مئی بار بار ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سانحہ 9 مئی کے 19 ملزمان کی سزاوں کی معافی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جوبچے فساد اور انتشار کا ایندھن بنے انھوں نے اپنی زندگیاں تباہ کیں، معافی کیلئے ایک طرف ان کے والدین منتیں کرتے رہے، دوسری طرف باہر نکل کر جو استعمال کی وہ بھی دیکھی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ معافی کے بعد رہا ہونیوالے دوبارہ 9مئی کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں، پاک فوج نے ان کوجو رعایت دی میرا خیال ہے ان کو دوبارہ سوچنا پڑے گا۔
انھوں نے کہا کہ معافی ان کو ملتی ہے جو معافی مانگ رہاہو ، نومئی کے مجرموں کی رہائی خطرے کی گھنٹی ہے ایسے بلوائیوں کو ریلیف ملے گا تو 9 مئی باربار ہوسکتا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا تھا کہ جیل سے رہاہونیوالے 9مئی کےملزمان کا رویہ ہم سب کیلئے الارمنگ ہے ، معافی مانگ کر دوبارہ 9مئی جیسا رویہ رکھنےوالے دوسروں کا راستہ بھی بند کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے جھوٹ بہت بولتے ہیں،یہ کوے کو بھی سفید کہتے ہیں، 9مئی کے بلوائیوں کو اشتعال دلانے کیلئے وزیراعلیٰ ہاؤس کےپی میں پروگرام بھی رکھا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ان کا کوئی معاملہ جیل ریفارمز کا نہیں یہ صرف بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دلاناچاہتے ہیں اور بانی پی ٹی آئی جیل میں دیسی مرغیاں کھاتے ہیں ان کی خدمت کیلئے اور کیا رہ گیا ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ یہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے سیل مں گھسنا چاہتے ہیں ان کا ایجنڈا سیاسی ہے۔