وہاڑی : نواحی علاقے سے چار سالہ بچی کی گلہ کٹی لاش برآمد ہوئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ تیز دھار آلہ سے بچی کا گلہ کاٹا گیا تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر مکمل حقائق معلوم ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع وہاڑی نواحی علاقہ 13 ڈبلیو بی چاند ماڑی میں 4 سالہ بچی کی گلہ کٹی لاش ملی ، گھر سے مدرسہ جانے والی بچی کی خون میں لت پت لاش گلی میں پڑی تھی۔
بچی کو مدرسے جاتے ہوئے راستے میں قتل کر دیا گیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او منصور امان ایس پی انویسٹی گیشن بھاری نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
ڈی پی او منصور امان کا کہنا تھا کہ واقعہ کی تمام زاویوں سے تفتیش کا اغاز کردیا گیا ہے، قاتلوں کو انشاء اللہ جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
ڈی پی او نے کہا کہ تیز دھار آلہ سے بچی کا گلہ کاٹا گیا پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر مکمل حقائق معلوم ہوں گے۔
والد نوید کا کہنا ہے کہ ہم غریب لوگ ہیں ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں بیٹی گھر سے سپارہ پڑھنے گئی جبکہ والدہ نے کہا پولیس ہمیں انصاف فراہم کرے میری بچی کو ناحق قتل کر دیا گیا۔