پشاور: آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ خیبر پختون خوا نے نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس صرف ایک روپے مقرر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج جمعے کو کے پی کے حکومت نے صوبائی اسمبلی اجلاس میں 2021-22 کا بجٹ پیش کیا تھا، بجٹ تقریر میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے بتایا کہ نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس صرف ایک روپے ہوگی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بجٹ کو خاطر خواہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ حکومت نے ٹیکسز کے سلسلے میں بھی حیران کیا، تیمور سلیم نے بتایا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن کی فیس صرف 1 روپے کر دی گئی، جب کہ دوبارہ رجسٹریشن بالکل مفت ہوگی۔
اعلان کے مطابق 600 سی سی سے 4000 سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس اب ایک روپے ہوگی۔
خیبر پختون خوا: 1 ہزار 118 ارب روپے سے زائد کا بجٹ پیش
صوبائی حکومت نے پیشہ ور افراد کو بھی بجٹ میں بڑی سہولت دے دی ہے، ان پر سے ٹیکس کو منسوخ کر کے اسے صفر کر دیا ہے۔ زرعی شعبے میں بھی ٹیکس چھوٹ دی گئی ہے، چھوٹے کاشت کاروں کے لیے ریلیف اراضی ٹیکس صفر کر دیا گیا ہے۔
بجٹ میں ثقافت و سیاحت کے لیے 12 ارب روپے مختص (2 ارب روپے سے بڑھا کر) کیے گئے ہیں، مالی سال کے دوران صوبے میں پاکستان کا پہلا موٹر اسپورٹس ارینا تعمیر کیا جائے گا، ارباب نیاز، حیات آباد، کالام کرکٹ اسٹیڈیمز تعمیر کیے جائیں گے۔
خیبر پختون خوا حکومت نے آئندہ برس بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی بحالی کے لیے بھی فنڈ مختص کر دیا ہے۔