واشنگٹن : امریکی فوج نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ امریکی طیاروں کا پچھا کرنا وینز ویلا کے صدر نیکولس مادورو کے باغیانہ طرز عمل کا کھلا ثبوت ہے۔
واشنگٹن(این این آئی)امریکی حکام نے بتایا ہے کہ وینز ویلا کے ایک جنگی طیارے نے امریکی انٹیلی جنس طیارے کا کیریبین سمندر کے علاقے میں عالمی فضائی حدود میں پرواز کے دوران جارحانہ انداز میں تعاقب کیا، یہ واقعہ دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی میں اضافے کا واضح ثبوت بتایا جا رہا ہے۔
امریکی فوج کی سدرن کمانڈ کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ عالمی فضائی حدود میں وینز ویلا کے جنگی طیارے کاہمارے جہاز کا پچھا کرنا وینز ویلا کے صدر نیکولس مادورو کے باغیانہ طرز عمل کا کھلا ثبوت ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہناتھا کہ وینز ویلا امریکا پر بین الاقوامی قوانین کو پامال کرنے کا الزام عائد کرتا ہے مگر اس کے طیارے عالمی فضائی حدود میں بھی امریکی طیاروں کا پیچھا کرتے ہیں۔
امریکی حکام کا کہنا تھا کہ امریکا کا ایک طیارہ اے بی3 جو متعدد نوعیت کے مشن پر تھا کا عالمی فضائی حدود سے گذرتے ہوئے وینز ویلا کے سو۔30 طیارے نے تعاقب کیا، امریکا اس اقدام کو وینز ویلاکی طرف سے جہاز اور اس کے عملے کو خطرے میں ڈالنے کی کوشش قرار دیتا ہے۔
دوسری طرف وینز ویلا کے وزیر دفاع ولادی میر باڈرینو لوبیز نے دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکا ایک جنگی جہاز کسی پیشگی اطلاع کے بغیر وینز ویلا کی فضائی حدود میں گھس آیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی جہاز نے وینز ویلا کے مرکزی ہوائی اڈے کی کمرشل پروازوں کوخطرے میں ڈال دیا تھا۔