وینز ویلا کی ایک کشتی نے جرمنی کے ایک بحری جہاز کو مبینہ طور پر دانستہ ٹکر مار دی جس کے بعد کشتی ڈوب گئی، واقعے کے بعد وینز ویلا کے صدر نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
آزادانہ میڈیا رپورٹس کے مطابق کیربیئن کے سمندر میں جرمن کمپنی کا بحری جہاز آر جی سی ایس ریزولوٹ ایک ڈچ جزیرے کی طرف روانہ تھا، جہاز پرتگال کا تھا تاہم اس کی ملکیت جرمن کمپنی کے پاس تھی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ آدھی رات کے وقت وینز ویلا کی پٹرولنگ کشتی جہاز کے قریب پہنچی اور جہاز کو وینز ویلا کے ایک جزیرے کی طرف لے جانے کا کہا۔
کشتی پر موجود افراد نے بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی اس کے بعد دانستہ کشتی کو جہاز سے ٹکرا دیا۔
کمپنی کے مطابق جہاز پر 32 افراد کا عملہ موجود تھا جو فائرنگ میں محفوظ رہا، جہاز چونکہ اس سے قبل برفانی مہم جوئیوں کے لیے جاتا رہا ہے لہٰذا ڈھانچہ مضبوط ہونے کی وجہ سے وہ تصادم میں محفوظ رہا، البتہ وینز ویلا کی کشتی کچھ دیر بعد ڈوب گئی۔
وینز ویلا کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جہاز نے جان بوجھ کر کشتی سے تصادم کیا۔ انہوں نے کشتی کے ڈوبنے کی تصدیق نہیں کی تاہم بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے کچھ دیر بعد کشتی ڈوب گئی تھی۔
وینز ویلا کے صدر نکولس مدورو اس تصادم کے بعد سرحدی حدود میں مداخلت اور دہشت گردی کا الزام لگا چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ ایسا ہی ہے کہ 100 کلو کے باکسر نے ایک نو آموز باکسر کو گھسیٹا اور اسے پیٹنے لگا۔
بین الاقوامی ماہرین نے اس کا تانا بانا وینز ویلا اور پرتگال کے درمیان حال ہی میں ہونے والے ایک سفارتی تنازعے سے جوڑا ہے۔
وینز ویلا نے واقعے کی تحقیقات کا بھی اعلان کیا ہے، جہاز فی الحال بحفاظت نیڈر لینڈز کی ایک بندرگاہ پر لنگر انداز کردیا گیا ہے اور وہ جلد ہی اپنا سفر دوبارہ شروع کردے گا۔