کراچی : عائشہ منزل پر عرشی شاپنگ سینٹر کی متاثرہ رہائشی خاتون پھٹ پڑی اور کہا کراچی جل رہا ہے مررہا ہے کوئی پوچھنےو الا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں عائشہ منزل پر واقع عرشی شاپنگ سینٹرمیں لگنے والی آگ سے کئی افراد بے گھر ہوکر سڑک پر آگئے، مکینوں نے رات کھلے آسمان تلے گزاری۔
اس صورتحال میں عرشی مال کی متاثرہ رہائشی خاتون پھٹ پڑی اور روتے ہوئے کہا کہ سب سے زیادہ ٹیکس دہنے والا شہر یتیم ہے، یہاں کوئی گھر محفوظ نہیں گیس نہیں آتی مگر کراچی والے پورا بل بھرتے ہیں، بجلی کے ایکسٹرا بل بھرتے ہیں، کراچی جل رہا ہے مررہا ہے کوئی پوچھنےو الا نہیں۔
رہائشی خواتین کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی امداد نہیں چاہیے، ہمیں ہمارے گھروں میں جانے دیا جائے، اپارٹمنٹس میں نہیں جانے دیا جارہا۔
متاثرین نے کہا کہ عمارت سیل کیوں ہے ؟ کل سے خیموں میں بیٹھے ہوئے ہیں، سرد موسم میں مریضوں کی دوائیاں، بچوں کے کپڑے اور دیگر ضروری اشیا کیلیے محتاج ہیں۔
متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ بھاری بھرکم ٹیکس لئے جاتے ہیں لیکن کوئی والی وارث نہیں، انتظامیہ اپنی کارروائی تیز کرے، ہمیں گھروں تک رسائی دے۔
خیال رہے کراچی کےعلاقےعائشہ منرل پرشاپنگ مال میں آتشزدگی سےعمارت کھنڈرمیں تبدیل ہوگئی، جس کے بعد عمارت کو سیل کردیاگیا ہے۔