کراچی: شہر قائد کے علاقے ملیر، سعود آباد میں ایک شہری روشن کے قتل کا جرم ثابت ہونے پر قاتل کو پھانسی کی سزا مل گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملیر، سعود آباد میں روشن نامی شہری نے 2016 میں کاروبار کے لیے چند دوستوں کو رقم دی تھی جسے بعد میں قتل کر دیا گیا، پولیس نے تفتیش کے بعد 6 ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا تھا۔
آج کراچی کی سیشن عدالت نے شہری روشن کے قتل کے جرم میں مجرم محمد سمیع کو پھانسی ک سزا سنا دی۔ عدالت نے مجرم کو 5 لاکھ روپے مقتول کے ورثا کو بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔
اس کیس میں عدالت نے ثبوتوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے دیگر 4 ملزمان کو بری کر دیا، جن میں محمد اسد، فیضان، عقیل اور سکندر شامل تھے۔ مقدمے میں ایک ملزم حبیب احمد انتقال کر چکا ہے۔
استغاثہ کے مطابق مقتول روشن نے 2016 میں ملزمان کو کاروبار کے لیے 3 لاکھ روپے دیے تھے، جب وہ ملزمان کے پاس منافع کی رقم لینےگیا تو اس کے بعد اس کی لاش ملی۔ عدالت میں آج محمد سمیع پر روشن کے قتل کا الزام ثابت ہو گیا، جس پر عدالت نے اسے پھانسی کی سزا سنا دی۔