آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے بھارت کے ایک اور کھلاڑی انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز ہونے میں صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں اور اب تک کئی کھلاڑی زخمی ہونے کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوچکے ہیں جب کہ کھلاڑیوں کے زخمی ہونے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
بھارت جو پہلے ہی میگا ایونٹ کے لیے اپنے سب سے اہم فاسٹ بولر جسپرت بمراہ کو کھو چکی ہے۔ اب تازہ ترین خبر یہ ہے کہ بھارتی ٹیم کے وکٹ کیپر رشبھ پنت پریکٹس کے دوران انجرڈ ہو گئے ہیں۔
بھارت جو ہائبرڈ ماڈل کے تحت چیمپئنز ٹرافی کے اپنے میچز دبئی میں کھیل رہا ہے۔ گزشتہ روز دبئی اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران وکٹ کیپر رشبھ پنت پٹھے میں کھنچاؤ کا شکار ہوگئے۔
بھارتی ٹیم کے فزیو نے نوجوان وکٹ کیپر بیٹر کا طبی معائنہ کیا اور رپورٹ کے مطابق کھلاڑی کی انجری سنگین نہیں ہے۔
انجری کے بعد رشبھ پنت نے آئی سی سی اکیڈمی میں ہلکی پریکٹس کی جب کہ ان کے ساتھ کے ایل راہول نے بھی وکٹ کیپنگ کی پریکٹس کی۔
واضح رہے کہ اب چیمپئنز ٹرافی میں شریک تمام ٹیموں کو کسی نہ کسی کھلاڑی کی انجری کا سامنا ہے۔ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز سمیت چار کھلاڑی زخمی اور ایک عین وقت پر ریٹائرمنٹ لینے کے بعد اسکواڈ کا حصہ نہیں۔ پاکستان کو صائم ایوب اور بھارت کو جسپرت بمراہ کا ساتھ میسر نہیں۔ جنوبی افریقہ اپنے دو بولرز میگا ایونٹ کے لیے کھو چکا ہے۔