چیمپئنز ٹرافی کے آغاز 19 فروری سے ہو رہا ہے میگا ایونٹ سے 12 روز قبل آئی سی سی نے میگا ایونٹ کا آفیشل ترانہ جاری کر دیا ہے۔
آئی سی سی ایونٹ کا آغاز 19 فروری سے پاکستان میں ہو رہا ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ روز اس خوبصورت ترانے کا ٹیزر جاری کیا تھا اور آج باضابطہ طور پر مکمل ترانہ جاری کردیا ہے۔
ترانے کی تھیم ’’دھرتی دیکھو دھڑکے۔ جیتو بازی لڑکے‘‘ رکھی گئی اور اس میں پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔
اس ترانے میں چیمپئنز ٹرافی میں شریک تمام ممالک کے جھنڈے دکھائے اور رقص کرتے نوجوانوں کو مختلف ٹیموں کی شرٹس زیب تن کیے دکھایا گیا ہے۔
تاہم ترانے کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں میزبان ملک پاکستان کی ثقافت کا رنگ نمایاں جھلک رہا ہے اور ترانے کے پس منظر میں ایسے کئی مناظر دکھائے گئے ہیں جو پاکستانی ثقافت سے ہم آہنگ ہیں۔
چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا، جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔
اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، بنگلادیش، افغانستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ بھارت اپنے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کھیلے گا۔
چیمپئنز ٹرافی کے لیے نوتعمیر قذافی اسٹیڈیم کی آج افتتاحی تقریب ہے جب کہ میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب حضوری باغ لاہور میں 16 فروری کو شیڈول ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عاطف اسلم افتتاحی تقریب میں اپنے فن کا جادو جگائیں گے۔