ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

ویڈیو: بھارتی فینز کے گراؤنڈ میں ’’پاکستان جیتے گا‘‘ کے نعرے

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان نے ورلڈ کپ کی تاریخ کے سب سے بڑے اسکور 345 کے ہدف کو حاصل کرکے ریکارڈ اپنے نام کیا لیکن گراؤنڈ میں روایتی حریف ملک کے فینز پاکستان کی جیت کے نعرے بلند کرتے رہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ورلڈ کپ 2023 کا ایک دلچسپ میچ گزشتہ روز بھارت کے تاریخی شہر حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ سری لنکا کے دیے گئے 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 37 رنز پر کپتان بابر اعظم سمیت دو وکٹیں گر چکی تھیں اور پاکستان کی جیت کی امیدیں مایوسی میں بدل رہی تھیں۔

ایسے میں ورلڈ کپ میں اپنا ڈیبیو کرنے والے عبداللہ شفیق اور مرد بحران محمد رضوان نے تیسری وکٹ کی پارٹنر شپ میں 176 قیمتی رنز جوڑے۔ عبداللہ شفیق نے 113 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور اپنا ڈیبیو یادگار بنایا۔

اس کے بعد محمد رضوان نے سخت تکلیف دہ صورتحال کے باوجود سعود شکیل اور افتخار احمد کے ساتھ مل کر ورلڈ کپ کی 50 سالہ تاریخ کو بدل دیا اور میگا ایونٹ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرنے والی ٹیم بن گئی۔

جب میدان کے اندر پاکستانی جانباز فتح کے لیے سر دھڑ کی بازی لگائے ہوئے تھے ایسے میں ہی گراؤنڈ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے بھارتی فینز نے بھی محبت کی اعلیٰ مثال قائم کی اور اسٹیڈیم بار بار جیتے گا بھئی جیتے گا پاکستان جیتے گا کے خوش کن نعروں سے گونجتا رہا۔

مودی حکومت کی متعصبانہ پالیسی کی وجہ سے پاکستانی شائقین تو تاحال اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے بھارت نہ جا سکے لیکن خود بھارت میں موجود پاکستانی ٹیم کے پرستاروں نے اس کمی کو بہت حد تک پورا کر دیا۔

حریف ملک میں پاکستان کی جیت کے لیے لگنے والے یہ نعرے بھی گراؤنڈ میں موجود کھلاڑیوں کے حوصلے بڑھاتے رہے۔ بھارتی شائقین کرکٹ کے پاکستانی ٹیم کے حق میں نعروں کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی جس کو دنیا بھر کے لاکھوں صارفین دیکھ چکے ہیں‌ اور خوشگوار حیرت اور تبصروں کا اظہار کر رہے ہیں۔

دوسری جانب اے آر وائی نیوز کے اسپورٹس پروگرام میں سینیئر صحافی شاہد ہاشمی نے انکشاف کیا کہ عبداللہ شفیق کو پاکستان کرکٹ میں لانے والے باسط علی ہیں جنہوں نے انڈر 19 کے سلیکٹر کے طور پر عبداللہ شفیق کو منتخب کیا تھا۔

 

باسط علی نے بھی پاکستان ٹیم کی کارکردگی بالخصوص عبداللہ شفیق کی نا قابل فراموش اننگ کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے یہا کہ پہلے مکمل 50 اوورز فیلڈنگ، پھر 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اس وقت بیٹنگ کرنا جب امام اور بابر اعظم آؤٹ ہوچکے تھے انتہائی متاثر کن ہے۔

 

میچ کے دوران جب جب کیمرا اسٹیڈیم میں بیٹھے کرکٹ شائقین کی جانب گیا تو بھارتی فینز کی پاکستان سے محبت کا بھرپور اظہار دیکھنے میں آیا۔ ایک شائق نے بھارتی ٹیم کی جرسی پہن کر پاکستانی جھنڈا لہرا دیا تو ایک فین انڈین ٹیم کی شرٹ پر شاہین آفریدی کا نام لکھوا کر لایا تھا۔

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں