ہفتہ, مئی 25, 2024
اشتہار

ویڈیو: کرکٹ کی تاریخ کا دلچسپ اور انوکھا واقعہ

اشتہار

حیرت انگیز

کرکٹ ایسا حیرت انگیز کھیل ہے جہاں کبھی بھی کچھ بھی ہو سکتا ہے ایسا ہی ایک دلچسپ اور انوکھا واقعہ آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے مابین ٹی ٹوئنٹی میچ میں پیش آیا ہے۔

کرکٹ اتفاقات کا کھیل ہے جہاں آخری گیند پھینکے جانے تک حتمی نتیجے سے متعلق پیشگوئی بہت مشکل ہوتی ہے۔ کبھی کبھار میچز میں کچھ منفرد اور دلچسپ واقعات پیش آتے ہیں جو تاریخ کا حصہ بن جاتے ہیں جیسا کہ گزشتہ روز آسٹریلیا ار ویسٹ انڈیز کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پیش آیا۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ جاری تھی، آخری وکٹ کھیل رہی تھی اور اننگ کا 18 واں اوور تھا جب یہ دلچسپ واقعہ پیش آیا۔

- Advertisement -

ویسٹ انڈین بیٹر الزاری جوزف نے شاٹ کھیلی اور سنگل رن لینے کے لیے دوڑ پڑے تاہم فیلڈر کی چابک دستی کا مظاہرہ کرتے  ہوئے گیند فوری طور پر پکڑ کر نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود بولر اسپینسر جانسن کی  جانب پھینکی جنہوں نے گیند ہات میں آتے ہی فوری وکٹیں اڑا دیں۔

ری پلے میں دیکھا گیا تو گیند کے وکٹوں پر لگنے کے وقت بیٹر کریز سے کچھ باہر تھے مگر امپائر نے اسے آؤٹ قرار نہ دیا اور بیٹنگ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

 

امپائر جیرارڈ ابوڈ کی جانب سے ویسٹ انڈین بیٹر الزاری کو رن آؤٹ قرار نہ دینے کی وجہ یہ تھی کہ کسی بھی آسٹریلوی کھلاڑی نے بلے باز کے رن آؤٹ کی اپیل نہیں کی تھی جس کی وجہ سے اسے آؤٹ قرار نہیں دیا گیا، اگر کینگروز اپیل کرتے تو یہ یقینی آؤٹ تھا۔

کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر کھیل کے ان لمحات کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں امپائر جیرارڈ ابوڈ کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ کسی نے رن آؤٹ کی اپیل نہیں کی۔

اس دوران آسٹریلوی کھلاڑی ٹِم ڈیوڈ کہتے ہیں کہ میں سچ کہہ رہا ہوں کہ میں نے اپیل کی تھی تاہم امپائر آسٹریلوی کھلاڑیوں سے بات کرنے کے بعد انہیں دوبارہ کھیل شروع کرنے کا حکم دیتے ہیں۔

بعد  ازاں آسٹریلیا نے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کو 34 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے اس ٹی20 میچ میں آسٹریلیا نے گلین میکسویل کی 120 رنز کی دھواں دھار اننگز کے بدولت 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنائے۔ میکسویل 55 گیندوں پر 8 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں