نوین الحق نے جوز بٹلر کو آؤٹ کرنے کے کس حدتک منصوبہ بندی کی تھی، اس راز سے افغانی پیسر نے خود ہی پردہ اٹھا دیا۔
افغانستان کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست کے بعد آئی سی سی کی جانب اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نوین الحق کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں پیسر نے تفصیل بیان کی ہے کہ کس طرح انھوں نے خطرناک انگلش بیٹر کو قابو کیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے گفتگو کرتے ہوئے افغانی پیسر کا کہنا تھا کہ ’ اس وقت جوز بٹلر ان سوئنگر کے لیے بالکل بھی تیار نہیں تھے‘۔
انھوں نے کہا کہ یہ ایک گریٹ سیٹ اپ تھا جس کے بارے میں، میں نے اور محمد نبی نے گفتگو کی تھی۔ میں نے جوز اور بروک کو تین اوورز کیے تھے اور اس میں تقریباً ڈیلیوریز آؤٹ سونگرز تھیں۔
نوین نے بتایا کہ بٹلر کو بولڈ کرنے والی بال کرنے سے قبل میں نے محمد نبی سے بات کی تو ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ اگلی بال انھیں ان سوئنگ کرانی چاہیے جس کے لیے وہ تیار نہیں ہونگے۔ خوش قسمتی سے وہ بال درست جگہ پر پڑی۔
واضح رہے کہ افغانستان نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈکپ میں پہلی بار انگلینڈ کی ٹیم کو 69 رنز سے شکست دی تھی جبکہ نوین نے اہم مرحلے پر انگلش کپتان اور ان فارم بیٹر جوز بٹلر کو بولڈ کیا تھا۔