سانگھڑ : سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ایک وڈیرے نے کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی، ویڈیو وائرل ہونے تین افراد کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ایک وڈیرے نے کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ کو ضلع گاؤں منڈ جمراؤ میں پیش آیا، اونٹ کے مالک سومر خان نے کہا ’’میری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے، مجھے نہیں معلوم کہ میرے اونٹ کے ساتھ ایسا کیوں کیا گیا۔‘‘
اونٹ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پیپلزپارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کیا اور واقعے کی تفصیلات مانگیں۔
ڈاکٹرز کی ٹیم نے گاؤں پہنچ کر زخمی اونٹ کی مرہم پٹی کی اور پولیس نے سرکار کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایس ایس پی اعجاز احمد شیخ نے کہا کہ اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے کیس میں 3 افراد کوحراست میں لے لیا ہے اور زیرِ حراست ملزمان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔