لاڑکانہ میں ایک اسکول ٹیچر نے بچوں کو تعلیم دینے کا ایک انوکھا انداز اپنالیا۔
اے آروائی نیوز کے مطابق صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں ایک اسکول ٹیچر نے بچوں کو تعلیم میں دلچسپی دلانے کے لیے انوکھا انداز اپنا لیا، ٹیچر کے اس انداز سے بچے بھی توجہ اور مزے سے نہ صرف تعلیم حاصل کررہے ہیں بلکہ موج مستی اور کھیل کود بھی کرتے ہیں۔
اسکول ٹیچر کی نرالے انداز سے تعلیم دینے کی ویڈیو ٹک ٹاک سمیت سوشل میڈیا پر وائرل ہے جسے خوب پذیرائی ملی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ویڈیو ضلع لاڑکانہ کے تحصیل رتوڈیرو میں قائم گورنمنٹ پرائمری اسکول میہر علی ابرڑو کے اسکول ٹیچر فاروق احمد ابڑو کی ہے، اس انداز میں تعلیم دینے پر اسکول کے طالب علم نہ صرف ہونہار ہونے لگے بلکہ بچوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت بس اس انتظار میں ہوتے ہیں کہ کب صبح ہوگی۔
سندھ کے تعلیمی نظام میں ضرورت اس بات کی ہے کہ فاروق احمد ابڑو کی طرح دیگر اساتذہ بھی اسکول میں بچوں کو اس طرح انوکھے انداز میں تعلیم دینے لگیں تو یقینا سندھ میں تعلیمی معیار بہتر ہوجائیگی۔