اسلام آباد : پارلیمنٹ لاجز میں انصارالاسلام کے کارکنان کے داخلے کی ویڈیو نے پولیس کی نااہلی کا پول کھول دیا، کارکنان جتھے کی شکل میں اندر داخل ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ لاجزمیں انصارالاسلام کے داخلے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ، انصار الاسلام کے داخلے کی ویڈیو نے پولیس کی نااہلی کا پول کھول دیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انصارالاسلام کے 50سے زائد کارکنان پارلیمنٹ لاجز میں داخل ہوئے ، یہ تمام لوگ پارلیمنٹ لاجز کے سامنے والے گیٹ سے داخل ہوئے۔
فوٹیج کے مطابق انصارالاسلام کے کارکنان جتھے کی شکل میں اندر داخل ہوئے ، اس موقع پر کارکنان کوکسی پولیس والے نے روکنے کی کوشش نہیں کی۔
یاد رہے انصارالاسلام کے جتھے کے پارلیمنٹ لاجزاور احاطے میں گشت کے بعد وفاقی پولیس نے بھرپور ایکشن لیا ، پولیس کی بھاری نفری پارلیمنٹ لاجز پہنچی تو انصارالاسلام کے کارکنان اور پولیس آمنے سامنے آگئے۔
پولیس جےیوآئی (ف) کےرکن اسمبلی جمال الدین اورصلاح الدین اور مزاحمت کرنے والے تمام کارکنان کو اپنے ساتھ لے گئی۔