کراچی : جاں بحق ایم کیوایم کارکن اسلم کی احتجاج میں شرکت کی ویڈیو سامنے آگئی ، اسلم شیلنگ اور لاٹھی چارج کے باعث شدید زخمی ہوئے اور جانبر نہ سکے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاں بحق ایم کیوایم کارکن اسلم کی احتجاج میں شرکت کی ویڈیو سامنے آگئی ، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اسلم نیو کراچی سے موٹر سائیکل پرسوار ریلی میں شرکت کے لیے پہنچا تھا۔
اسلم شیلنگ اور لاٹھی چارج کے باعث شدید زخمی ہوا تھا ، جسے اسپتال منتقل کیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلم کی نماز جنازہ 3بجے شاہراہ پاکستان پرادا کی جائے گی ، نماز جنازہ کے بعد خالد مقبول لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
فاروق ستارنے ایم کیوایم کے یوم سوگ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کارکنان اور رہنماؤں کو نماز جنازہ میں شرکت کی ہدایت کردی ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر گزشتہ روز پولیس کے لاٹھی چارج کے دوران جاں بحق ہونے والے ایم کیوایم کے کارکن کی موت سے متعلق تفصیلات سامنے آئیں تھیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان ریلی میں جوائنٹ آرگنائزر محمد اسلم کو حالت خراب ہونے پر ایف بی ایریا کے امراض قلب لے جایا گیا تھا، این آئی سی وی ڈی ریکارڈ کے مطابق محمد اسلم کو10بج کر29منٹ پر اسپتال پہنچایا گیا اور10بج کر 35 منٹ پر ڈاکٹر نے محمداسلم کی موت کی تصدیق کی۔
اسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ محمد اسلم کو اسپتال پہنچایا گیا تو تب تک وہ انتقال کرچکے تھے، جناح اسپتال میں آخری زخمی کو8بج کر4منٹ پر پہنچایا گیا۔