جمعرات, مئی 1, 2025
اشتہار

اصلی پودوں سے سجا منفرد رکشا، پاکستان کے کس شہر میں چل رہا ہے؟ جانیے ویڈیو رپورٹ

اشتہار

حیرت انگیز

موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث اب ہر ایک کو پودے اور درخت لگانے کی ترغیب دی جا رہی ہے مگر ایک شخص سالوں سے اصلی پودوں سے سجا رکشا چلا رہا ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں نے دنیا کے ساتھ پاکستان کو بھی شدید متاثر کیا ہے جس کی وجہ سے گرمی کا پارہ ہر گزرتے سال کے ساتھ بڑھ رہا ہے۔ کہیں بالکل خشک سالی اور کہیں غیر متوقع بارشوں سے صورتحال مزید گھمبیر ہوتی جا رہی ہے۔

ان حالات میں ماحولیاتی ماہرین لوگوں کو زیادہ سے زیادہ پودے اور درخت لگانے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ تاہم ایک ایسا شخص بھی ہے جو برسوں سے سڑکوں پر ایسا رکشا چلا رہا ہے جو اصلی پودوں سے سجا ہوا ہے۔

ماحول دوست منفرد رکشا چلانے والا یہ شخص حیدرآباد کا ممتاز سومرو ہے جس نے اپنے رکشے میں اصلی پودے لگا رکھے ہیں اور 15 سال سے یہ منفرد رکشا سڑکوں پر دوڑا رہا ہے۔

ممتاز سومرو نے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کیلیے نہ صرف اپنے رکشے کو مختلف پودوں سے سجایا ہے بلکہ اس چلتے پھرتے باغیچے کی صورت میں وہ فطرت سے والہانہ محبت کا پیغام بھی عام کر رہا ہے۔

یہ ماحول دوست ڈرائیور روزانہ اپنے رکشے کو مختلف پودوں اور بیلوں سے سجاتا ہے۔ ان کو پانی دیتا ہے اور پھر گھر سے نکل پڑتا ہے۔

اس منفرد ڈرائیور کو فطرت سے دلچسپی کی طرح اپنی ثقافت سے بھی بہت پیار ہے اس لیے وہ اکثر رکشا چلاتے وقت اجرک کی پگڑی سر پر سجائے رکھتا ہے۔

ممتاز کا کہنا ہے کہ انسان کی زندگی میں درخت اور پودوں کی بڑی اہمیت ہے۔ اس لیے وہ اپنی سواری کو قدرتی ماحول میں سفر اور تازہ آکسیجن کے ساتھ ٹھنڈک کا احساس دلانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ممتاز سومرو نے اپنے گھر کی چھت اور در و دیوار کو بھی پودوں اور بیلوں سے سجایا ہوا ہے جن کی دیکھ بال کرنا بھی ممتاز سومرو کا معمول بنا ہوا ہے۔

حیدرآباد میں اپنی نوعیت کا یہ پہلا انوکھا رکشا اور ڈرائیور کا منفرد انداز ایک جانب لوگوں کیلیے خوشگوار حیرت کا باعث بنا ہوا ہے، تو دوسری جانب یہ پیغام بھی ہے کہ زمین کو تباہی سے بچانے کے لیے ہر شخص انفرادی سطح پر بھی کوشش کر سکتا ہے۔

ویڈیو رپورٹ: اشوک شرما

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں