قومی کرکٹرز کے کاکول میں جاری فٹنس کیمپ میں رسہ کشی کے مقابلے میں وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان سب کی توجہ کا مرکز اوار طاقت کے بادشاہ قرار پائے۔
فٹنس میں تھوڑا کم ہے تو کیا ہوا مگربازؤوں میں تو دم ہے۔ یہ ثابت کر دیا قومی وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے جو کاکول کیمپ میں ہونے والے رسہ کشی کے مقابلے میں سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور دیگر آنے والے سیریز کی تیاریوں کے لیے پی سی بی کی جانب سے پاک فوج کے اشتراک سے قومی کرکٹرز کے لیے کاکول اکیڈمی ایبٹ آباد میں فٹنس کیمپ جاری ہے جس میں کھلاڑی فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے دو سیشنز میں ڈرلز کرتے ہیں۔
کاکول میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فٹنس کیمپ میں کھلاڑیوں کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ ہوا۔ اعظم خان کپتان بابر اعظم کی ٹیم میں شامل رہے اور اپنے بازوؤں کی طاقت کی بدولت حریف ٹیم کو بہت پریشان کیا۔
آل راؤنڈر شاداب خان نے قومی کرکٹرز کے درمیان ٹگ آف وار کے مقابلے کی دلچسپ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل بھی ہوگئی۔
شاداب خان نے ویڈیو کے کیپشن میں اعظم خان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں طاقت کا بادشاہ قرار دیا اور لکھا کہ کنگ آف اسٹرینتھ، اسی لیے تو بڑے چھکے مارتا ہے۔
واضح رہے کہ فٹنس کیمپ 8 کے بجائے 7 اپریل کو ختم ہو جائے گا جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی 20 میچوں پر مشتمل ہوم سیریز 18 اپریل سے شروع ہو گی جب کہ منتخب سکواڈ 14 اپریل کو اسلام آباد میں جمع ہوگا۔