دنیا کے کئی ممالک میں مرد وخواتین کے ساتھ گھٹنوں کے بل چلنے والے بچوں کی باقاعدہ ریس ہوتی ہے ایسی ہی ایک ریس کا نتیجہ سب کو حیران کر گیا۔
دنیا کے کئی ممالک میں مرد وخواتین کے ساتھ گھٹنوں کے بل چلنے والے شیر خوار بچوں کی باقاعدہ ریس ہوتی ہے ایسی ہی ایک ریس امریکا میں ہوئی جس کا نتیجہ سب کو حیران کر گیا۔ بچوں کی اس ریس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو دیکھ کر سب ہی محظوظ ہوئے اور اس پر دلچسپ تبصرے جاری ہیں۔ کئی لوگوں کو تو اس ریس کو دیکھ کر بچپن میں پڑھی گئی خرگوش اور کچھوے کی کہانی بھی یاد آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انڈور ایریا میں بچوں کی ریس کے لیے ایک چھوٹا ریسنگ گراؤنڈ بنایا گیا جس کے اسٹارٹ پوائنٹ پر بچوں کے والد کھڑے ہیں جو ریفری کا اشارہ ملتے ہی بچوں کو میدان میں چھوڑتے ہیں جب کہ کچھ میٹر کے فاصلے پر فنشنگ پوائنٹ پر بچوں کی مائیں کھڑی ہیں۔
ریس میں پانچ بچے شریک تھے لیکن دوڑے (گھٹنوں گھٹنوں) صرف چار ہی۔ والد نے جب بچوں کو چھوڑا تو ایک بچہ تیزی سے فنشنگ پوائنٹ کی طرف چلا اور صرف چند قدم کے فاصلے پر رہ جاتا ہے تو دوسرا بچہ دھیرے دھیرے اپنی منزل کی جانب بڑھتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تیسرا بچہ کچھ رکتا کچھ جھجھکتا ہوا آگے بڑھنے کی کوشش کرتا ہے، اتنے میں اس کے ساتھ چوتھا بچہ بھی میدان میں نکل پڑتا ہے۔
ویڈیو دیکھنے والوں کو لگ رہا تھا کہ شاید پہلا بچہ با آسانی یہ ریس جیت جائے گا لیکن یہ بچہ فنشنگ پوائنٹ سے کچھ قدم نہیں صرف ایک قدم دور ایسا رکتا ہے کہ آگے نہیں بڑھتا۔ اتنے میں دوسرا بچہ بھی اس کے قریب قریب پہنچ جاتا ہے تو ریس دیکھنے والوں کی رائے بدل جاتی ہے کہ شاید یہ بچہ ریس جیت جائے گا۔
تیسرا بچہ آگے نہیں بڑھتا جب کہ چھپا رستم چوتھا بچہ کچھ ٹہلتا، رکتا مسلسل آہستہ آہستہ آگے بڑھتا ہے۔ اتنے میں فنشنگ پوائنٹ کے قریب پہنچنے والا دوسرا بچہ بھی رک جاتا ہے۔ اس دوران وہاں موجود بچوں کی مائیں انہیں جتوانے کے لیے مختلف چیزیں دکھا کر آگے بڑھنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتی ہیں لیکن کسی کی نہیں چلتی اور دوسرا بچہ واپس اسٹارٹنگ پوائنٹ کی جانب پلٹ جاتا ہے اور پہلا بچہ بھی اس کی تقلید کرتا ہے۔
دوسری جانب ’’چھپا رستم‘‘ چوتھا بچہ آہستہ آہستہ کبھی رکتا تو کبھی ترچھا گھومتا بالآخر منزل پر پہنچ کر نہ صرف ریس جیت لیتا ہے بلکہ اس نے براہ راست اور ویڈیو دیکھنے والے تمام لوگوں کے اندازوں کو بھی غلط ثابت کر دیتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو دیکھنے والے صارفین اسے بے حد سراہ رہے ہیں اور ہر دور کی بہترین بچوں کی ریس قرار دے رہے ہیں۔
کئی صارفین کو تو ویڈیو اتنی دلچسپ اور غیر معمولی لگی کہ انہوں نے اس کو بار بار دیکھا اور ہر بار محظوظ بھی ہوئے۔ آپ بھی دیکھیں اور بتائیں کہ بچہ ریس کیسی لگی۔