بھارت کے اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے کہا ہے کہ بھارتی کھلاڑیوں نے بہت کچھ مس کردیا ہے۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان میں موجود بھارتی صحافی وکرانت گپتا نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی نے دل خوش کردیا، لاہور کے لوگ بہت اچھے ہیں۔
بھارتی صحافی نے کہا کہ میں 19 سال کے بعد لاہور آیا ہوں، لاہور آج بھی ویسا ہی ہے، یہاں کے لوگوں نے بہت پیار دیا نہ صرف مجھے بلکہ پاکستانی شائقین بھارتی پلیئرز کو بھی بہت چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ بھارتی ٹیم کو بھی پتہ چلے کہ پاکستان میں ان کے کتنے چاہنے والے ہیں، پاکستان میں ویراٹ کوہلی کی بڑی فین فالوونگ ہے۔
وکرانت گپتان کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما کو پاکستانی ایک حقیقی چیمپئن مانتے ہیں، میری خواہش ہے کہ بھارت ٹیم بھی پاکستان آئے، انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں نے بہت کچھ مس کردیا۔
بھارتی جرنلسٹ نے کہا کہ ہر کھلاڑی کا بچپن سے کوئی نہ کوئی بڑا خواب ہوتا ہے، جب وہ بچپن میں اسکرین پر کرکٹ دیکھتے ہوں گے تو ان کی بھی خواہش رہی ہوگی کہ ایک دن وہ بھی پاکستان جاکر کھلیں۔