سابق بھارتی کرکٹر ونود کامبلی کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق بھارتی کرکٹر ونود کامبلی کو صحت کی خرابی کے باعث ریاست مہاراشٹرا کے ضلع تھانے میں واقع ایک اسپتال میں ایڈمٹ کرایا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 52 سالہ ونودکو ہفتے کے روز ان کے ایک مداح (جو اسپتال کا مالک ہے) نے اسپتال میں داخل کرایا۔
اسپتال ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق کرکٹر کی طبیعت اب خطرے سے باہر ہے، تاہم اسپتال میں داخلے کی وجوہات واضح نہیں ہو سکیں۔
سابق کرکٹر نے 1993 سے 2000 کے درمیان بھارت کے لیے 17 ٹیسٹ اور 104 ون ڈے میچز کھیلے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں سابق کرکٹر جی پارک میں مشہور کوچ راما کانت آچریکر کی یادگار میں منعقد ایک تقریب میں پہنچے تھے، جہاں وہ انتہائی بیمار نظر آرہے تھے۔
پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کی تفصیلات کا اعلان کردیا
واضح رہے کہ سابق کرکٹر طویل عرصے سے صحت کے مسائل میں مبتلا ہیں اور اس سے قبل بھی انہیں متعدد مرتبہ اسپتال میں داخل کرایا جاچکا ہے۔