کراچی: شہر قائد میں ون وے کی خلاف ورزی روکنے کے لیے ٹریفک اہل کاروں کا جوش و جذبہ سرد پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ون وے کی خلاف ورزی جاری ہے، ٹریفک اہل کار سست پڑ گئے، سڑک کے کنارے آگاہی بورڈ نصب ہونے کے باوجود لوگ ون وے قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
سائٹ ٹاؤن میں حبیب چورنگی سے آنے والے راستے پر موٹر سائیکل سوار اور رکشے سیمنز چورنگی کی طرف رانگ وے پکڑتے ہیں، جب کہ چورنگی پر ٹریفک اہل کار موجود رہتے ہیں، چند ماہ قبل یہاں حادثہ بھی پیش آیا تھا۔
یاد رہے کراچی میں 17 جنوری کو ون وے کے خلاف مہم کا آغاز کیا گیا تھا اور پہلے ہی روز 11 لاکھ 46 ہزار 650 روپے کے جرمانے کیے گئے تھے جب کہ 120 ڈرائیوروں کو گرفتار کر کے مقدمات درج کیے گئے۔
ون وے کی خلاف ورزی پرگرفتاریوں سے پریشان شہریوں کے لئے بڑا اعلان
گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہونے پر ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے لیے عدالت کے باہر لمبی قطاریں لگنا شروع ہوئیں، ملزموں کو 5 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا جا رہا تھا، جب کہ بینک اسٹاف کم ہونے کی وجہ سے سرٹیفکیٹ جاری کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا تھا۔ اس صورت حال کے پیش نظر 31 جنوری کو سندھ حکومت نے ون وے کی خلاف ورزیوں پر گرفتاریاں روکنے کا اعلان کر دیا۔