کراچی: چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر تاجروں کو 10 لاکھ تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کی زیرصدارت ایس او پیز پر عمل سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ممتاز علی شاہ نے کہا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ خلاف ورزی پر دکان اور مارکیٹ سیل کی جائیں۔
چیف سیکریٹری سندھ نے اجلاس کے دوران بتایا کہ تاجروں نے ایس او پیز پر عمل کاحلف نامہ جمع کرایا ہے، جو بھی اس کی خلاف ورزی کرے گا اسے 10 لاکھ تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر نے ہدایت جاری کی ہے کہ دکان اور مارکیٹ سیل یا جرمانہ عائد کرتے وقت موبائل سے کارروائی ریکارڈ کی جائے۔
اس سے قبل ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کرونا کے پھیلاؤ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق اپنے بیان میں کہنا تھا کہ کرونا کو حقیقت تسلیم کرکے بچنے کی تدبیر اختیارکی جائیں،گھر سےن کلتے وقت ماسک پہننا نہ بھولیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 83 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جبکہ 5,385 نئے کیسز سامنے آئے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین سے پاکستان بھر میں 113,702 افراد متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ اموات کی تعداد 2,255 ہو گئی ہے۔