واشنگٹن : امریکا کے خصوصی سفیر براؤن بیک نے بھارت میں مذہبی آزادی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں حالات تبدیل نہ ہوئے تو تشدد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے مذہبی آزادی سے متعلق ویڈیولنک کے ذریعے پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس سے خصوصی امریکی سفیر سیموئیل براؤن بیک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی طور پر بھارت تمام مذاہب کی سرزمین ہے لیکن بھارت کے موجودہ حالات پر فکر مند ہیں۔
براوٗن بیک نے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کو کرونا پر قربانی کا بکرا بنائے جانے پر تشویش ہے اور مذہبی اقلیتوں کو کرونا کا ذمہ دار ٹھہرانا کسی طور پر درست نہیں۔
امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ بھارت میں کرونا پر اقلیتوں کے ساتھ سلوک کو دیکھ رہے ہیں اگر بھارت میں حالات تبدیل نہ ہوئے تو تشدد میں اضافہ ہوسکتا ہے، بھارت میں اعلیٰ سطح پر بین المذاہب گفتگو کا آغاز ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہر شہری کی صحت دیگر سہولیات تک رسائی کو ممکن بنایا جائے اور کرونا کے معاملے پر اقلیتوں کو نشانہ نہ بنایا جائے۔
امریکی خصوصی سفیر سیموئیل براوٗن بیک کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، سوڈان میں مذہبی آزادی کی صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے۔