لاہور : گھریلو ملازم پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، پولیس نے متاثرہ لڑکے کو بازیاب کروا کر ملزم شہباز کو گرفتار کرنے کے بعد مقدمہ درج کرلیا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے ایف آئی اے کی مدد سے انسانی اسمگلر کے قبضے سے گیارہ سال کی خدیجہ کو بازیاب کرالیا۔
پولیس کے مطابق لاہور کے علاقے گلدشت ٹاؤن میں گھریلو ملازم 12سالہ علی حسن کو مالک مکان شہباز کی جانب سے بے دردی کے ساتھ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے علی حسن کو بازیاب کروا کر طبی امداد اور معائنے کے لیے میو ہسپتال منتقل کردیا۔
متاثرہ لڑکے علی حسن کا کہنا ہے کہ اس کو گرم راڈ لگا کر جلایا گیا، متاثرہ لڑکے کے والد عبدالستار کی جانب سے گھر کے مالک شہباز کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست دی گئی جس پر ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: فیصل آباد: گیارہ سالہ ملازمہ کو تشدد کے بعد آگ لگا دی گئی
پولیس کے مطابق متاثرہ علی حسن اتحاد ٹاؤن کا رہائشی اور چار سال سے ملزم شہباز کے گھر میں ملازم کے طور پر کام کر رہا تھا۔
مزید پڑھیں: لاہور میں مالکن کے مبینہ تشدد سےگھریلو ملازمہ جاں بحق
دوسری جانب چئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق نے گلدشت ٹاؤن میں گھریلو ملازم پر تشدد کے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بچے کو جناح ہسپتال برن یونٹ منتقل کرنے کا کہا ہے جہاں مذکورہ بچے کو مکمل علاج معالجہ فراہم کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں لاہور ہی میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے کارروائی کرکے گیارہ سال کی خدیجہ کو بازیاب کرالیا، خدیجہ کو انسانی اسمگلر ایک سال پہلے ابوظہبی لے گئے تھے۔ ایف آئی اے کی مدد سے بچی کی تک رسائی حاصل کی۔
مزید پڑھیں: کراچی: کمسن گھریلو ملازم پر بہیمانہ تشدد، مالک گرفتار