منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

مشتعل افراد کی لال حویلی پر حملے کی کوشش، مقدمہ درج

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے مشتعل کارکنان نے لال حویلی پر حملے کی کوشش کی جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ترجمان لال حویلی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے مقامی یوسی چیئرمین کی قیادت میں مشتعل افراد نے لال حویلی پر حملے کی کوشش کی۔

لال حویلی ترجمان کے مطابق مشتعل افراد لال حویلی کے احاطے میں داخل ہوئے اور انہوں نے پتھراؤ کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے حملہ کرنے والے مشتعل حملہ آوروں کو فوری طور پر منتشر کردیا۔

- Advertisement -

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یوسی 45 سے نوازشریف کی حمایت میں مسلم لیگ ن کے کارکنان نے ریلی نکالی اور اُن میں سے 300 سے زائد افراد نے لال حویلی پر حملے کی کوشش کی تاہم اس میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔

شیخ رشید نے کہا کہ ن لیگ کے مسلح کارکنوں نے لال حویلی کے باہر ڈنڈے لہرائے اور ملازمین کو للکارا جبکہ اس دوران اندر 2 کارکن موجود تھے جنہوں نے مشکل سے اپنی جان بچائی۔

دوسری جانب شیخ رشیدنےرات11 بجے ہنگامی پریس کانفرنس طلب کرلی۔

عمران خان کی مذمت

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لال حویلی پر مشتعل افراد کے حملے کی خبر سنی تو شیخ رشید کو ٹیلی فون کر کے اس واقعے کی مذمت کی اور خیریت دریافت کی۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب کا نوٹس

بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لال حویلی پرحملےکی خبرکا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے رپورٹ طلب کرلی اور متعلقہ افسران کو تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

مقدمہ درج

لال حویلی پر حملہ کرنے کی ناکام کوشش کرنے والے مسلم لیگ ن کے یوسی ناظم اور کارکنان کے خلاف تھانہ وارث خان میں مقدمہ درج کرلیا گیا، ایف آئی آر درج کروانے کی درخواست شیخ رشید کے بھتیجے راشد رفیق نے جمع کروائی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں