کراچی : وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے وی آئی پی کلچر کے خاتمے کیلئے ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر ایف آئی اے کو پروٹوکول دینے پر پابندی عائد کردی ہے، یہ احکامات وفاقی وزیر داخلہ کے وزارت سنبھالنے کے بعد جاری کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر امیگریشن نے ملک بھر کے ایف آئی اے زونز کو خط لکھا ہے کہ ملک بھر کے ایئر پورٹس پر ایف آئی اے حکام پروٹوکول نہیں دیں گے۔ ا ے آروائی نیوز نے خط کی کاپی حاصل کرلی۔
خط میں انتباہ کیاگیا ہے کہ پروٹوکول دینے پر امیگریشن کے عملے کو معطل کردیا جائے گا اورامیگریشن کے عملے ہی نہیں شفٹ انچارج کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
اس کے علاوہ مسافروں کو ایف آئی اے کاونٹرز پر لائن میں لگنا ہوگا، خط میں مزید کہاگیا ہے کہ پروٹوکول دینے پر پابندی وزارت داخلہ کے حکم پر لگائی گئی ہے۔
دریں اثناء بیرون ملک جانے والے مسافروں کو ہراساں کرنے پر بھی کارروائی کی جائے گی جبکہ امیگریشن کاؤٴنٹرز کو سی سی ٹی وی کیمروں سے لازمی مانیٹر کیا جائے گا، جس کی متعلقہ سپروائزر امیگریشن کاوٴنٹرز کی سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کریں گے۔