دنیا کا سب سے بڑا ڈرون شو کا مظاہرہ ایک امریکی کمپنی نے کیا ہے جس میں پانچ ہزار ڈرونز بیک وقت اڑا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔
یہ ریکارڈ امریکی ریاست ٹیکساس میں ایک ڈرون کمپنی نے کرسمس سے قبل قائم کیا ہے جس میں ایک میدان میں بیک وقت پانچ ہزار ڈرونز اڑائے گئے اور یہ عالمی ریکارڈ بھی بن گیا۔
اسکائی ایلیمنٹس نامی ڈرون کمپنی نے پانچ ہزار ڈرونز اڑا کر اپنا ہی 2,500 ڈرون اڑانے کا سابق ریکارڈ توڑ دیا جو ایک ہفتہ قبل قائم کیا تھا اور یہ 11 واں گنیز ورلڈ ریکارڈ تھا۔
اس ڈرون شو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ صارفین اس ویڈیو کو دلچسپی اور حیرت سے دیکھ رہے اور تبصرے کر رہے ہیں۔ اب تک 6 ملین سے زائد صارفین اس کو دیکھ چکے ہیں۔
حیرت انگیز ڈرون لائٹ شو میں کرسمس کی مناسبت سے سانتا کلاز کو دو بڑے قطبی ہرنوں کی بگھی پر سوار ہوا میں سواری کرتے دکھایا گیا ہے۔
ڈرون لائٹ شو شروع ہونے سے قبل ایلیمنٹس کمپنی اور اس شو میں اس کی شریک کار UVify کے کئی تکنیکی ماہرین کو دن کے وقت آؤٹ ڈور سیٹنگ میں ڈرون سیٹ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
جیسے ہی سورج غروب ہوتا اور تاریکی چھاتی ہے تو یہ ماہرین اپنے ڈرونز کو حرکت میں لاکر پرواز کراتے ہیں اور پھر فضا میں رنگ ونور کی برسات شروع ہو جاتی ہے۔
صارفین اس ویڈیو پر ماہرین کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔