سڈنی ٹیسٹ کے پہلے روز بھارتی ٹیم کے کپتان جسپریت بمراہ اور آسٹریلوی اوپنر کونسٹاس کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
میلبرن ٹیسٹ میں کونسٹاس نے فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی جم کر دھلائی کی تھی جس کے بعد ویرات کوہلی ان سے جان بوجھ کر ٹکرائے تھے اور دونوں کے درمیان لفظی گولہ باری بھی ہوئی تھی جس کے بعد آسٹریلوی میڈیا نے بھی ویرات کوہلی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں جوکر کہہ دیا تھا۔
یہ پڑھیں: کوہلی کو آسٹریلوی میڈیا نے مسخرہ قرار دیدیا
تاہم سڈنی ٹیسٹ میں بھی ایسا ہی کچھ منظر دیکھنے میں آیا جب عثمان خواجہ کو آؤٹ کرنے کے بعد بمراہ جشن مناتے ہوئے کونسٹاس کی جانب سے گئے اور دونوں کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا جس کے بعد امپائر نے دونوں کھلاڑیوں کو الگ کردیا۔
اس سے قبل بمراہ گیند کروانے کے لیے تیار تھے لیکن عثمان خواجہ ریڈی نہیں تھے، بمراہ نے ان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ کھیلو، جب فاسٹ بولر نے دوبارہ اشارہ کیا تو کونسٹاس کو برا لگ گیا اور وہ بمراہ کو باتیں سنانے لگے جس کے بعد دونوں کے درمیان لفظی گولہ باری ہوئی۔
بمراہ نے پھر اسی گیند پر عثمان خواجہ کو آؤٹ کردیا اور کونسٹاس کی جانب سے جاکر وکٹ لینے کا جشن منایا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کونسٹاس نے جسپریت بمراہ کو اننگز کی پہلی ہی گیند پر باؤنڈری لگائی تھی۔
یاد رہے کہ سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں بھارتی ٹیم 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پہلے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے ایک وکٹ پر 9 رنز بنالیے ہیں، سیم کونسٹاس 7 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔