بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شردھا کپور پاپا رازی سے بچنے کے لیے شاہ رخ خان کا سہارا لے کر غلطی کر بیٹھیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ شردھا کپور اپنی ہارر کامیڈی فلم ’استری 2‘ کی زبردست کامیابی پر شہ سرخیوں میں ہیں، حال ہی میں اداکارہ کو منیش ملہوترا کی دیوالی پارٹی میں دیکھا گیا جہاں ان کی پاپا رازی کے ساتھ مذاق کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
شردھا کپور کو ویڈیو میں روینہ ٹنڈن کی بیٹی راشا کے ساتھ ڈیزائنر منیش ملہوترا کی دیوالی تقریب سے باہر آتے دیکھا جاسکتا ہے۔
اسی دوران دونوں کو پاپا رازی نے گھیر لیا جو شردھا کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے چین تھے۔
پاپا رازی سے بچنے کے لیے شردھا نے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان اور سلمان خان کا نام بلند آواز سے لینا شروع کردیا تاکہ فوٹو گرافرز کی توجہ ان سے ہٹ جائے اور وہ گاڑی میں سوار ہوسکیں۔
شردھا نے کہا کہ وہ دیکھو شاہ رخ خان اور پھر وہ جلدی سے راشا کے ساتھ غلط کار میں سوار ہوگئیں تاہم یہ بات پاپا رازیوں نے نوٹ کی اور انہیں بتایا کہ وہ غلط گاڑی میں بیٹھ گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شردھا کپور نے بتایا تھا کہ وہ کس طرح مداحوں کی پسندیدہ اداکارہ بن گئیں، انہوں نے کہا کہ مختلف قسم کے کرداروں کے انتخاب نے انہیں اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا موقع فراہم کیا۔