بھالو نے جنگل سمجھ کر ایئرپورٹ کے رن وے پر چہل قدمی اور اٹکھلیاں کرنے لگا جس سے فلائٹ آپریشن معطل اور 12 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ دلچسپ واقعہ جاپان کے یاماگاتا ایئرپورٹ پر پیش آیا، جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سیاہ رنگ کا بھالو رن وے پر پہلی بار نمودار ہوا اور آرام سے چہل قدمی کرتا رہا۔ بھالو کی ایئرپورٹ پر غیر متوقع انٹری کے باعث چار پروازیں ایک گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوئیں، جس کے بعد بھالو منظر سے غائب ہوگیا۔
تاہم ایئرپورٹ عملے کے دوڑیں اس وقت لگ گئیں جب وہی سیاہ بھالو دوپہر کے وقت پھر ایئرپورٹ کے رن وے پر نمودار ہوا اور بے فکری سے چہل قدمی کرنے لگا۔
ایئرپورٹ کے عملے نے بھالو کا پیچھا کر کے اس کو پکڑنے کے لیے ایک کار کا استعمال بھی کیا اور رن وے کو دوبارہ بند کر دیا، جس کے باعث 12 پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔
بھالو کا تعاقب کرنے کی یہ ویڈیو انٹرنیشنل میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس کی ایک گاڑی چوٹھے ریچھ کو پکڑنے کیلئے اس کا پیچھا کررہی ہے جبکہ ریچھ کو رن وے اور اطراف کی گرین بیلٹ پر دوڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
بھالو کو پکڑنے میں ناکامی پر پیشہ ور شکاریوں کو بھی بلایا گیا جب کہ جنگلی جانور کے فرار کو روکنے کے لیے ایئرپورٹ کے اردگرد پولیس افسران کو بھی تعینات کیا گیا، لیکن بھالو کو آخری اطلاعات تک پکڑا نہیں جا سکا۔
واضح رہے کہ جاپان میں ریچھ کے انسانوں پر حملوں میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ برس ریچھوں نے 219 افراد کو حملے کیے تھے، جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔