شادی گھروں میں یا اب ہالوں بینکوئٹ میں ہوتی ہے مگر ایک جھگڑے نے دولہا دلہن کو شادی کے بندھن میں بندھنے کے لیے تھانے پہنچا دیا۔
یہ منفرد شادی بھارت میں ہوئی ہے جس میں شادی کی آدھی رسومات ہال میں جب کہ باقی رسمیں پولیس تھانے میں ہوئی اور اس کے پیچھے ایک دلچسپ کہانی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راجھستان کے شہر سورت میں ایک ہال میں شادی کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر شادی کی رسومات ہوئیں اور صرف دولہا دلہن کا ایک دوسرے کے گلے میں ورمالا (ہار ڈالنا) باقی رہ گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اس موقع پر وہ ہوا، جو دولہا اور دلہن کے وہم وگمان میں بھی نہ تھا۔ ہوا کچھ یوں کہ کھانے کے دوران کھانا پڑ گیا، جس پر دولہا کے گھر والے غصہ ہوگئے اور دونوں خاندان اس بار پر الجھ پڑے۔
بات تلخ کلامی سے اتنی بگڑ گئی کہ دولہا اور دلہن والوں نے شادی سے انکار کر دیا اور باراتی واپس جانے کی تیاری کرنے لگے، لیکن دولہا اور دلہن اس شادی پر راضی تھے۔
جھگڑے کو بڑھتا دیکھ کر دولہا اور دلہن پولیس اسٹیشن پہنچ گئے اور وہاں ساری روداد سنائی۔ پولیس نے یہ سب سن کر دونوں خاندان والوں کو بلایا اور دونوں کی شادی کرانے پر راضی کیا۔
تاہم اس موقع پر دولہا اور دلہن نے واپس جانے سے انکار کر دیا اور خدشہ ظاہر کیا کہ وہ باہر جاکر دوبارہ شادی کرانے سے مُکر جائیں گے، لہذا پھر پولیس نے تھانے میں بقیہ رسم ادا کر کے شادی کو مکمل کرایا۔