لوگ اپنے پیاروں کو مرنے پر ان کی آخری رسومات ادا اور تدفین کرتے ہیں مگر یہاں تو ایک کار کو دلہن کی طرح سجا کر سپرد خاک کیا گیا۔
دنیا بھر میں لوگ اپنے پیارے رشتے داروں، دوستوں کو دنیا سے گزر جانے پر اپنے مذہبی عقائد کے مطابق آخری رسومات کرتے ہیں۔ کئی جگہوں پر پالتو جانوروں کی آخری رسومات کرنے کی بھی اطلاعات ملتی ہیں لیکن ہم آپ کو کسی جاندار نہیں بلکہ ایک 15 سال پرانی کار کی دھوم دھام سے کی گئی آخری رسومات کے بارے بتا رہے ہیں۔
پڑوسی ملک بھارت میں آئے دن کچھ نہ کچھ ایسا حیرت انگیز واقعہ رونما ہوتا ہے جو دنیا کی توجہ اپنی جانب سمیٹ لیتا ہے۔ اب ایسا ہی ایک اور انوکھا مگر دلچسپ واقعہ بھارتی ریاست گجرات میں پیش آیا جہاں 12 سالہ پرانی کار کی آخری رسومات ادا کی گئیں جس میں 1500 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع امریلی میں 12 سالہ پرانی کار کی آخری رسومات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں گاڑی کو دلہن کی طرح سجانے کے بعد اس کی آخری رسومات ادا کرتے اور پھر زمین میں دفن کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ کار سنجے پالورا نامی شخص کی ہے جس کا سورت میں کنسٹرکشن کا کاروبار ہے۔ اس نے اپنی گاڑی کو پہلے دلہن کی طرح پھولوں سے اچھی طرح سجایا پھر اسے اس کی زرعی زمین پر لایا گیا جہاں آخری رسومات ادا کرنے کے بعد اسے پندرہ فٹ گہرے گڑھے (قبر) میں دفن کر دیا گیا۔
آخری رسومات میں کار کو سبز کپڑے میں لپیٹنے کے بعد روایتی پوجا کی گئی اور اس پر پھول بھی برسائے گئے اور پنڈتوں نے کلمات بھی ادا کیے اور کار کے اطراف گربا بھی ادا کیا۔
آخری رسومات کی اس تقریب میں سنجے کے اہلخانہ، دوست احباب سمیت 1500 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
سنجے پالورا نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یہ کار ان کے لیے بہت خوش قسمت رہی۔ 12 سال قبل جب اس کار کو انہوں نے خریدا تھا تو اس کے بعد ان کے خاندان میں بہت خوشحالی آئی اور کاروبار نے دن دوگنی، رات چوگنی ترقی کی جس سے ہمارا سماجی اسٹیٹس بھی بڑھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے قسمت بدلنے والے اس کار کو فروخت کرنے کے بجائے اس کو پورے اعزاز کے ساتھ عقیدت پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔