بھارت کے تلنگانہ میں آر ٹی سی بس کے ڈرائیور کو ایک خاتون مسافر کے بیگ سے سونا چوری کرتے رنگے ہاتھوں دھرلیا گیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خاتون، جو ورنگل سے نظام آباد جانے والی آر ٹی سی بس میں سفر کر رہی تھی، نے اپنا بیگ ڈرائیور کی سیٹ کے پیچھے رکھ دیا تھا، بیگ میں زیورات تھے اور خاتون نے یہ جگہ محفوظ سمجھ کر اپنے سامان کو وہاں رکھا۔
رپورٹس کے مطابق بس ڈرائیور نے موقع غنیمت جانتے ہوئے بیگ کو کھول کر اس میں موجود سونے کے زیورات نکال لیے۔ مگر قسمت نے بس ڈرائیور کا ساتھ نہیں دیا۔
بس میں موجود ایک مسافر نے ڈرائیور کی یہ حرکت اپنے موبائل فون سے ریکارڈ کر لی۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد فوری طور پر بس ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
بس انتظامیہ کے مطابق اس قسم کے واقعات ناقابل قبول ہیں اور ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ مسافروں کا اعتماد بحال رہ سکے۔
اس سے قبل بھارت میں حیدرآباد کے پرانے شہر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، بے رحم شوہر نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش کو آگ لگادی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنڈلہ گوڑہ ہاشم آباد کے فیاض قریشی (25) سال اور قمر بیگم (23) کی شادی کو چند سال ہی ہوئے تھے۔
شوہر اپنی بیوی پر شک کرتا تھا، جس کے باعث اکثر دونوں میں لڑائی جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز دونوں کے درمیان اسی بات پر لڑائی ہوئی، شوہر نے طیش میں آکر خنجر سے بیوی کو قتل کردیا اس کے بعد پیٹرول چھڑک کر لاش کو بھی جلا ڈالا۔
بینک میں ملازمت پیشہ لڑکی نے زندگی کا خاتمہ کیوں کیا؟ اہم انکشاف
پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔