یورپی ملک اسپین سے تین گھڑ سوار عازمین حج 8 ہزار کلو میٹر کا طویل سفر کر کے سعودی عرب پہنچ گئے جن کا شاندار استقبال کیا گیا۔
حج سیزن 2025 شروع ہو چکا ہے اور دنیا بھر سے مسلمان حج کی سعادت کے لیے سعودی عرب پہنچ رہے ہیں۔ غیر ملکی عازمین حج یہ مبارک سفر عموماً فضائی یا بحری ذریعہ سے کرتے ہیں تاہم یورپی ملک اسپین تین افراد نے دور قدیم کی یاد تازہ کرتے ہوئے گھوڑوں پر حجاز مقدس کی جانب سفر شروع کیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ مہم جو عازمین تقریباً 7 ماہ میں 8000 کلو میٹر طویل سفر طے کر کے ادائیگی حج کے لیے سر زمین مقدس سعودی عرب میں داخل ہوگئے ہیں۔
اسپین سے سعودی عرب تک کا طویل سفر کرنے والے عبدالقادر ہرکاسی، عبداللہ ہرنینڈز اور طارق روڈریگز شام کے راستے جب سعودی عرب پہنچے تو سعودی حکام اور رضاکاروں نے پھول، تحائف اور پرجوش نعروں کے ساتھ ان کا شاندار استقبال کیا۔
سرحدی حکام نے طبی ٹیموں اور معاون عملے کی مدد سے انکا طبی معائنہ کیا۔ اس موقع پر الحدیثہ مرکز کے ڈائریکٹر ممدوح المطیری نے اس سفر کو ’ایمان اور عزم کی اعلیٰ مثال‘ قرار دیا۔
تینوں عازمین کے مطابق انہوں نے 35 برس قبل اسلام قبول کیا تھا اور اسی وقت ارادہ کیا تھا کہ جب بھی حج کی سعادت حاصل کریں گے تو اپنے آبا واجداد کی روایت کو زندہ رکھتے ہوئے گھوڑوں پر حجاز مقدس تک کا سفر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ خود سے کیا گیا اپنا یہ وعدہ انہیں یاد تھا اور انہوں نے یہ سفر آبا و اجداد کی روایت کو زندہ رکھنے کی خاطر کیا، جو صدیوں سے شام کے راستے حج کے لیے جایا کرتے تھے۔