تھائی لینڈ میں بھوک سے نڈھال ہاتھی نے اسٹور میں گھس کر کھانے پینے کی اشیاء پر دھاوا بول دیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ کے شمال مشرق میں قائم نیشنل پارک سے نکل کر جنگلی ہاتھی سڑک پر آگیا جسے دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔
بھوکا ہاتھی سڑک کے قریب موجود ایک اسٹور میں داخل ہوا اور کھانے پینے کی چیزوں پر حملہ کردیا اور اپنی من پسند چیزیں کھاکر پیٹ بھرتا رہا۔
اس دوران اسٹور میں موجود لوگ ڈر کے مارے باہر نکل گئے۔
نیشنل پارک کے رضاکاروں نے ہاتھی کو بھگانے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے اور ہاتھی اسٹور میں چیزوں پر ہاتھ صاف کرتا رہا۔
رپورٹ کے مطابق ہاتھی نے دکان سے چاول، کیلے اور سینڈوچ سمیت دیگر چیزیں کھائیں اور سونڈ میں کچھ دیگر کھانے کی اشیاء بھی پکڑ کر لے گیا۔
نیشنل پارک کے رضاکار کے مطابق ہاتھی اس سے قبل بھی لوگوں کے گھروں سے کھانے پینے کی چیزیں چرا کر لے جاچکا ہے۔