لندن: ایک خطاب کے دوران برطانوی وزیر اعظم کی زبان پھسل گئی، اور انھوں نے اسرائیلیوں کے لیے نامناسب لفظ استعمال کر لیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبر پارٹی کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کی زبان پھسل گئی، اور وہ غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں سے متعلق نامناسب لفظ بول گئے۔
انھوں نے اسرائیلی شہریوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ”یرغمالیوں کی واپسی“ کی بہ جائے ”ساسیجز کی واپسی“ کہہ دیا۔
دل چسپ بات یہ ہے کہ لیبر پارٹی کی کانفرنس میں بہ طور وزیر اعظم کیر اسٹارمر کی یہ پہلی تقریر تھی، جو بہت سے لوگوں کے لیے یادگار تو بنی لیکن ایک غلط سبب کے طور پر۔
اس ہفتے نیویارک کے دورے کے موقع پر جب ان سے صحافیوں نے پوچھا کہ ان کی زبان کیسے پھسلی، کیا ایسا بھوک کی وجہ سے ہوا؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ ’’میں نے صرف لفظ کے آغاز کو کچل دیا تھا، کیا آپ سے ایسا کبھی نہیں ہوا؟‘‘ انھوں نے خوش گوار موڈ میں کہا کہ ایسی چیزوں سے تو آپ کو موقع ملتا ہے کہ مجھے زچ کریں۔
واضح رہے ساسجز ایک قسم کی پروسیسڈ گوشت کی مصنوعات ہوتی ہیں، جو عموماً چربی، گوشت، اور مختلف مصالحے ملا کر تیار کی جاتی ہیں، ساسج دراصل آنت میں قیمہ بھر کر تیار کیا جاتا ہے۔