بھارت میں تلنگانہ کے نرمل ضلع کے دلاورپور منڈل میں رات کے اوقات میں تیندوے کی نقل و حرکت دیکھی گئی، جس کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تیندے کی نقل و حرکت بھینسہ نیشنل ہائی وے پر دیکھی گئی، موقع پر موجود شہری نے اپنی گاڑی سے ویڈیو ریکارڈ کرلی۔
تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں جنگلی جانوروں بالخصوص شیر اور تیندوے کے گاؤں کے قریب آنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے، نرمل ضلع میں بھی چیتوں کے نظر آنے کے کئی واقعات رونما ہوئے ہیں، جس سے لوگ خوف زدہ ہیں۔
محکمہ جنگلات کی جانب سے عوام سے محتاط رہنے اور کسی بھی جنگلی جانور کی موجودگی کی فوری اطلاع دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
محکمہ جنگلات نے رات کے وقت باہر نہ نکلنے اور گھروں کے ارد گرد روشنی کا انتظام رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ چیتے کو پکڑنے اور محفوظ جگہ منتقل کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور حکام کے ساتھ تعاون کریں۔
اس سے قبل بھی نئی دہلی میں تیندوے نے گھروں میں چھلانگیں لگا کر متعدد دیہاتیوں کو زخمی کردیا تھا۔
ستیش کمار کا تیندوے کے ساتھ یہ دوسرا مقابلہ تھا، اس دوران اسے متعدد زخم آئے اور لہولہان ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔
دیہاتی آدیش نے دعویٰ کیا کہ چیتا اس کے بھائی کے گھر میں داخل ہوا۔ بھائی نریش نے اپنے مویشیوں کے پاس ایک تیندوے کو دیکھا۔ اگرچہ اس جانور نے کئی دیہاتیوں کو زخمی کیا، لیکن اس نے مویشیوں کو نقصان نہیں پہنچایا۔
آدیش نے کہا کہ ہم تیندوے کو دیکھنے کے لیے چھت پر کھڑے تھے کہ اچانک وہ نمودار ہوا اور میرے 25 سالہ بھتیجے آکاش پر حملہ کر دیا، اس کے بعد اس نے دوسری چھت پر چھلانگ لگادی، 30 سالہ نشو بھی اس کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔