لوگوں کی بڑی تعداد چاکلیٹ کی دیوانی ہے اور مشہور برانڈز کی مہنگی چاکلیٹ شوق سے کھاتی ہے مگر کیا آپ نے 25 ہزار روپے کی چاکلیٹ کھائی ہے۔
چاکلیٹ کھانا شاید ہی کسی کو نا پسند ہو، جو میٹھا شوق سے نہیں کھاتے وہ بھی بغیر مٹھاس کے چاکلیٹ کھانا پسند کرتے ہیں۔ دنیا میں مختلف مشہور برانڈز کی چاکلیٹ دستیاب ہوتی ہیں اور ان کی قیمت بھی زیادہ ہوتی ہے لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ایسی چاکلیٹ کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس کی قیمت 25 ہزار روپے ہے۔
جی ہاں یہ چاکلیٹ دنیا بھر میں جدید فیشن کی علامت مانی جانے والی ایک مشہور لگژری برانڈ لوئی ویٹون Louis Vuitton کے بیگ سے متاثر ہو کر متعارف کرائی گئی ہے۔
دیکھنے میں یہ چاکلیٹ ایک برانڈڈ اور انتہائی اعلیٰ قسم کا بیگ لگتی ہے لیکن اصل میں یہ بیگ نہیں بلکہ کھانے والی چاکلیٹ ہے جس کو بیگ کے ڈیزائن میں تیار کیا گیا ہے۔
دنیا بھر میں فوڈ وی لاگز کے حوالے سے مشہور وی لاگر کارمی سیلیٹو بھی اس لگژری چاکلیٹ سے بہت متاثر ہیں اور اسی لیے انہوں نے پیرس سے یہ چاکلیٹ خرید کر اس کی ویڈیو پوسٹ کی ہے۔
کارمی کے مطابق یہ چاکلیٹ بیگ ماکسیم فریڈرک نامی پیسٹری شیف نے تخلیق کیا ہے۔ یہ بیگ صرف پیرس میں دستیاب ہے اور وہ اس کو حاصل کرنے کے لیے خاص طور پر پیرس گئے۔
یہ چاکلیٹ بیگ 70 فیصد ڈارک چاکلیٹ اور 40 فیصد ملک چاکلیٹ سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ اس پر برانڈ کا آئیکونک مونوگرام بھی موجود ہے۔
اس لگژری چاکلیٹ بیگ کی قیمت 225 یورو (تقریباً 25 ہزار 500 پاکستانی روپے) ہے۔
چاکلیٹ بیگ دیکھ کر صارفین پہلے ہی حیران تھے اور جب قیمت کا پتہ چلا تو ان کے ہوش اڑ گئے۔ صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے بھی جاری ہیں۔ کچھ نے کہا کہ یہ صرف دکھاوا ہے، اگر چاکلیٹ ہی کھانی ہے تو پھر 25 ہزار کیوں خرچ کیے جائیں۔