بھارتی ریاست تلنگانہ کے صدر مقام حیدرآباد (دکن) کے علاقے کرنول میں شادی کی خوشیاں سوگ میں تبدیل ہوگئیں، جب دوست اور اسکی دلہن کو تحفہ دیتے ہوئے نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تحفہ دینے والا شخص اسٹیج پر کھلکھلاتے چہروں کے درمیان توازن کھوتا ہوا نیچے گر جاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ومسی نامی یہ شخص بینگلور میں ایمازون کے دفتر میں نوکری کرتا تھا، کرنول کے گاؤں میں دوست کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلیے اپنے شہر سے یہاں پہنچا تھا۔
دلہا نے تحفہ لینے کے بعد اسے کھولا تو عین اسی وقت نوجوان بیہوش ہوکر گرنے لگا، وہاں موجود لوگوں نے اسے پکڑنے کی کوشش کی مگر وہ نیچے گر گیا۔
ومسی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا جبکہ اسکی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دیا گیا۔
دوسری جانب بھارت کے شہر حیدرآباد کے کوکٹ پلی پولیس اسٹیشن کی حدود میں دو طالبات کے لاپتہ ہونے کا معاملہ رونما ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 14 سالہ ہریکا اور 13 سالہ لکشمی درگا دونوں وویکانند نگر کے سری چیتنیا ٹیکنو اسکول کی آٹھویں جماعت کی طالبات ہیں۔
والدین کا کہنا ہے کہ دونوں طالبات صبح ساڑھے 8 بجے اسکول کے لیے روانہ ہوئیں تھیں، لیکن شام ساڑھے 5 بجے جب والدین انہیں لینے اسکول پہنچے تو ٹیچر اور پرنسپل نے بتایا کہ وہ اسکول سے روانہ ہوچکی ہیں۔
الیکٹرک بائیک دھماکے سے پھٹ گئی، ویڈیو وائرل
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر کیس رجسٹرڈ کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ والدین نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ ان کی بچیوں کو جلد از جلد بحفاظت واپس لایا جائے۔