بھارت میں گوگل میپس کو فالو کرنے والا شخص تالاب میں چلا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر کئی واقعات منظرعام پر آچکے ہیں جہاں صارفین نے دعویٰ کیا ہے کہ گوگل میپس نے انہیں غلط راستے پر پہنچا دیا۔
اب ایک اور صارف نے ویڈیو میں دعویٰ کیا ہے کہ بکسر سے دہلی کا سفر کرنے والے ایک شخص کو ایک ایسے راستے پر لے جایا گیا جو بالآخر پانی پر ختم ہوا۔
مذکورہ ویڈیو کو پنکج کمار نے انسٹاگرام پر شیئر کیا اور بتایا کہ بکسر سے دہلی تک گاڑی چلاتے ہوئے وہ گوگل میپس پر عمل کررہے تھے، ہائی وے سے نکلنے کے بعد نقشہ انہیں کچی سڑک پر لے گیا، راستے پر چلتے ہوئے وہ بالآخر ایک تالاب کے کنارے پر پہنچ گئے۔
انہوں نے بتایا کہ گوگل میپس نے انہیں پانی میں گاڑی چلا کر آگے بڑھنے کی ہدایت کی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے اور لوگ اس پر دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’کیا مطلب آپ کی گاڑی پانی میں نہیں چلتی؟‘ دوسرے صارف نے مشورہ دیا کہ ’گوگل میپس استعمال کرتے وقت جو نوٹیفکیشن آتا ہے اسے تو چیک نہیں کیا ہوگا بس آن کیا اور چل دیے۔‘
تیسرے صارف نے لکھا کہ ’بھائی، آپ گوگل میپس پر بھروسہ رکھئے، اندر راستہ ہوگا آپ پانی کے اندر تو جائیے۔‘