بھارت کے شہر بنگلور میں کافی کا اضافی کپ نہ دینے پر کسٹمر نے ملازم کی پٹائی کردی۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلور کے علاقے ششیادری پورم کے مشہور نمما فلٹر کافی آؤٹ لیٹ پر چار افراد نے ایک ملازم کو بری طرح مارا پیٹا کیونہ اس نے انہیں مفت اضافی کپ دینے سے انکار کردیا تھا۔
شام 6 بجکر 50 منٹ کے قریب کافی چار افراد کافی خریدنے آئے تھے، ان کا آرڈر ملنے کے بعد انہوں نے ایک اور کپ منگوایا لیکن جب کارکن نے وضاحت کی کہ اسٹور کے قوانین مفت کپ دینے کی اجازت نہیں دیتے اور انہیں ایک مشروب خریدنے کو کہا تو وہ ناراض ہوگئے اور اس پر چیخنا شروع کردیا۔
اس دوران ایک شخص نے عملے کے رکن کو تھپڑ جڑ دیا اور جلد ہی دوسرے افراد اس لڑائی میں شامل ہوگئے۔
وائرل ویڈیو میں ایک شخص کو کافی شاپ کے ملازم کے چہرے پر مکے مارتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ دوسرا اس کے پیٹ پر لات مار رہا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قریب کھڑے لوگ لڑائی کو روکنے اور عملے کے رکن کی حفاظت کے لیے دوڑتے ہیں۔
ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہونے کے بعد سے لوگ مطالبہ کر رہے ہیں کہ حملہ آوروں کا احتساب کیا جائے۔
شیشادری پورم پولیس نے شکایت درج کر لی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ان افراد کو تلاش کرنے اور گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔