بھارت میں شادی کی تقریب میں ’مرچی کا حلوہ‘ دیکھ کر مہمان حیران رہ گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
شادی کی تقریب میں کھانے کے ساتھ مہمانوں کی تواضع میٹھے سے کی جاتی ہے لیکن بھارت میں شادی کی تقریب میں ’مرچی کا حلوہ‘ موضوع بحث بن گیا۔
غیر متوقع ڈش نے مہمانوں کو حیران کردیا اور شادیوں میں غیر روایتی پکوان سے متعلق سوشل میڈیا پر بھی بحث چھڑ گئی۔
مرچی کے حلوے کی ویڈیو بالا ملک نامی شہری نے انسٹاگرام پر شیئر کی جو وائرل ہوگئی اور اسے اب تک ایک ملین سے زائد ویوز مل چکے ہیں۔
ویڈیو میں ایک شخص کو سبز میٹھا پیش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جو مرچوں سے مزین ہے اور اس میں چاندی کے ورق کی چمکتی ہوئی تہہ ہے جبکہ ساتھ ہی جلیبی اور گلاب جامن بھی موجود ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی اس پر حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے اور تبصرے کیے جارہے ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلی بار مرچی کا حلوہ سنا ہے جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ حلوہ ہمیں بھی کھانا ہے۔