کون کہتا ہے کیوی اڑ نہیں سکتے نیوزی لینڈ کے فیلڈر نیتھن اسمتھ نے ہوا میں اڑ کر باؤنڈری لائن پر کیچ کر کے سب کو حیران کر دیا۔
سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ون ڈے میچ میں شائقین کرکٹ کے ساتھ سابق کرکٹرز اور تجزیہ کار اس وقت حیران رہ گئے جب نیوزی لینڈ کے فیلڈر نیتھن اسمتھ نے باؤنڈری لائن کے قریب ہوا میں اڑتے ہوئے گیند تک پہنچ کر نہ صرف یقینی باؤنڈری روکی بلکہ نا قابل یقین کیچ لے کر بلے باز کو بھی پویلین کا راستہ دکھا دیا۔
تجزیہ کاروں نے اس کو کرکٹ کی ایک صدی کی تاریخ کا سب سے مشکل ترین کیچ قرار دیا ہے اور سوشل میڈیا پر اس حیران کن کیچ کی ویڈیو بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
مذکورہ میچ جو بارش کے باعث 37 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا اور سری لنکا 256 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کر رہا تھا۔
سری لنکن بلے باز اشان ملنگا نے اٹھتا ہوا شاٹ کھیلا اور گیند یقینی طور پر باؤنڈری پار جاتی دکھائی دے رہی تھی پھر شائقین نے نا قابل یقین منظر دیکھا۔
نیتھن اسمتھ ڈیپ فیلڈ سے بھاگتے ہوئے آئے اور پھر فضا میں اڑتے ہوئے گیند تک پہنچے۔ ہاتھوں میں گیند کو قابو کرنے کے بعد باؤنڈری لائن سے صرف چند انچ دور میدان کے اندر گرے اور یوں کرکٹ کی تاریخ بن گئی۔
یہ نظارہ اپنی آنکھوں سے دیکھنے والے سابق کرکٹرز اور تجزیہ کار بھی حیران رہے گئے اور اس کیچ کو کرکٹ کی ایک صدی کی تاریخ کا مشکل ترین کیچ قرار دے دیا۔
نیوزی لینڈ نے یہ میچ جیت کر تین میچوں کی سیریز جیت لی ہے۔ تیسرا اور آخری میچ 11 جنوری کو کھیلا جائے گا۔