بھارت میں پائلٹ نے مسافروں سے بھرا جہاز اڑانے سے انکار کردیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پونے سے بنگلورو جانے والی انڈیگو کی پرواز کو اس وقت پانچ گھنٹے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا جب پائلٹ نے یہ کہتے ہوئے جہاز اڑانے سے انکار کردیا کہ اس کی ڈیوٹی کا وقت ختم ہوگیا ہے۔
واقعے کی ویڈیو ایک صارف نے سوشل میڈیا پر شیئر کی جو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پائلٹ کی جانب سے انکار کیے جانے کے بعد مسافروں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے اور ایک مسافر کو پائلٹ سے باہر نکلنے کہا جارہا ہے، دوسری خاتون مسافر کا کہنا تھا کہ یہ اس طرح دروازہ بند کردیتے ہیں کیونکہ ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا۔
واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ایئرلائن انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
بعدازاں ایئرلائن انتظامیہ نے بتایا کہ یہ قانون ہے کہ پائلٹ اضافی ڈیوٹی نہیں کرسکتا اور ایسا مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔
ایئرلائن انتظامیہ نے پرواز میں تاخیر پر مسافروں سے معذرت بھی کی۔