ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا سے ایک افسوسناک واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 32 سالہ نوجوان تمہینی گھاٹ میں بہہ گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان سوپنیل داوے 29 جون کو بارش کے دوران اپنے دوستوں کے ساتھ پونے کے قریب واقع تمہینی گھاٹ آبشار میں تفریح کی غرض سے پہنچا تھا۔
نوجوان نے اپنے ساتھیوں سے ویڈیو بنانے کا کہا اور گہرے آبشار میں چھلانگ لگادی، چھلانگ لگانے کے بعد پانی کے شدید بہاؤ کے باوجود بھی نوجوان تیرتے ہوئے کنارے تک پہنچ تو گیا مگر پانی کے تیز بہاؤ کے باعث اس کے ہاتھ پتھر سے چھوٹ گئے۔
نوجوان اپنے دوستوں کی آنکھوں کے سامنے پانی کے بہاؤ میں بہہ گیا اورزندگی کی بازی ہار گیا۔
ریسکیو ادارے نے نوجوان کی لاش کو برآمد کرلیا ہے، جبکہ واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہا ہے۔ یہاں یہ ذکر بے جانا ہوگا کہ ریاست مہاراشٹرا میں آبشار میں بہہ جانے کا یہ حال ہی میں دوسرا واقعہ پیش آیا ہے۔
گزشتہ روز بھی مہاراشٹر کے پونے کے لونا والا علاقے میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہواتھا، بھوشی ڈیم کے بیک واٹر کے پاس واقع آبشار میں مسلم خاندان کے 5 افراد پانی میں بہہ گئے تھے، جس کی ویڈیو بھی سامنے آچکی ہے۔