کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4کے بھولو ہوٹل میں ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 4 کے ہوٹل میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکو نے اسلحہ کے زور پر ہوٹل میں بیٹھے متعدد شہریوں کو لوٹا، واردات کے دوران ڈاکو کا دوسرا ساتھی ہوٹل کے باہر کھڑا رہا، واردات سے قبل ملزمان ہوٹل کے باہر کھڑے ہو کر جائزہ لیتے رہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ڈاکو نے ہوٹل کے کیش کاونٹر پر بیٹھے افراد سے لوٹ مار نہیں کی، پولیس حکام کے مطابق تاحال ہوٹل انتظامیہ اورلوٹ مار کے شکار شہریوں میں سے کسی نے قانونی کارروائی کیلئے رابطہ نہیں کیا۔