اتوار, ستمبر 29, 2024
اشتہار

افغان کوچ ڈائریکٹر تو کھلاڑی کمال کا ایکٹر، جیت کیلیے ڈرامے کا الزام، وائرل ویڈیو

اشتہار

حیرت انگیز

ٹی 20 ورلڈ کپ میں افغانستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا لیکن میچ کے دوران افغان کرکٹر کی اچانک انجری سے سوشل میڈیا پر شور مچ گیا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں افغانستان نے تاریخ رقم کرتے ہوئے سپر ایٹ مرحلے کے اہم ترین میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر پہلی بار کسی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تاہم سوشل میڈیا پر افغانستان کی یہ تاریخی جیت تنازع کا شکار ہوگئی کیونکہ گلبدین نائب کی اچانک انجری اور اس سے قبل ڈک آؤٹ سے افغان کوچ کے اشارے سے ایسا لگتا ہے کہ یہ سب کسی ہدایت کے تحت ہوا۔

ایک ویڈیو آئی سی سی نے بھی اپنے آفیشل انسٹاگرام پر جاری کی جو بعد ازاں وائرل ہو گئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بنگلہ دیش کی اننگ کے بارھویں اوور میں جب بنگال ٹائیگرز کو جیت کے لیے 7 اوورز میں 35 رنز درکار تھے کہ اچانک فرسٹ سلپ کر فیلڈنگ کرنے والے گلبدین کریمز پڑنے کا اشارہ کرتے ہوئے میدان میں گر گئے۔

- Advertisement -

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نور احمد کا اوور جاری تھا اور بولر بولنگ کے لیے تیار تھے کہ گلبدین کے اس طرح گرنے سے قبل ڈک آؤٹ میں موجود افغان کوچ جوناتھن ٹراٹ اشارے سے آسمان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ بارش شروع ہونے والی ہے اس لیے میچ سلو ڈاؤن (سست کر دو) تاہم گلبدین اسے گو ڈاؤن کا اشارہ سمجھ بیٹھے۔

اس اشارے کے فوری بعد فرسٹ سلپ میں فیلڈنگ کرنے والے گلبدین نے اپنی بائیں ٹانگ میں ہیمسٹرنگ انجری کا اشارہ کیا اور شدید تکلیف کا اظہار کرتے ہوئے میدان میں گر گئے۔

میچ کے سنسنی خیز لمحات میں کمال کی ایکٹنگ دیکھ کر کمنٹری باکس میں موجود کمنٹیٹرز بھی عش عش اور واہ واہ کر اٹھے۔ کسی نے کہا کہ اس شاندار اداکاری پر ایمی ملنا چاہیے تو کسی نے آسکر کے لیے پروموٹ کیا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by ICC (@icc)

گلبدین کے میدان میں گرتے ہی طبی عملہ انہیں امداد دینے کے لیے میدان میں آیا تاہم اسی دوران بارش بھی شروع ہوگئی۔ اس وقت ڈی ایل میتھڈ کے تحت بنگلہ دیش دو رن پیچھے تھا۔

ہیمسٹرنگ انجری کے اس بہانے پر افغان کپتان راشد خان کو بھی غصہ آیا اور ویڈیو میں یہ ان کے چہرے کے تاثرات سے بھی محسوس ہوا جب کہ بنگلہ دیشی اوپنر لٹن داس بھی اس موقع پر گلبدین کی نقل کرتے نظر آئے۔

بارش رکنے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا تو چند منٹ قبل شدید تکلیف کا اظہار کرنے والے گلبدین میدان میں واپس آئے، اوور کرایا اور وکٹ بھی اڑائی۔

اس صورتحال پر ایک کمنٹیٹر نے طنزیہ اسے قدرت کا کرشمہ اور دنیا کا آٹھواں عجوبہ قرار دیا۔ مائیکل وان نے طنز کیا کہ پہلی بار ہوا کہ کوئی گولی کھا کر گرا اور کچھ دیر بعد آ کر وکٹ بھی لے لی۔

غیر تو غیر اپنوں نے بھی اس پر گلبدین کا خوب مذاق اڑایا اور افغان کھلاڑی بھی میمز شیئر کرتے رہے۔

اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین اسے گلبدین کا میچ جیتنے کے لیے ڈراما قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کر رہے ہیں، تاہم افغان کپتان راشد خان کا موقف کچھ علیحدہ ہے۔

میچ کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں افغانستان کے کپتان راشد خان سے اس واقعے کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا ’نائب گلبدین کو کریمپس کی شکایت ہوئی، مجھے نہیں معلوم انہیں کیا ہوا تھا اور سوشل میڈیا پر کیا چل رہا ہے۔ یہ ایک اینڈ فیلڈ انجری تھی، ہم نے میچ میں کوئی اوورز نہیں کھوئے اور پھر بارش شروع ہوئی، اس سے میچ پر کوئی خاص اثر نہیں پڑا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں